پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کا معاملہ، سپریم کورٹ میں آج اِن چیمبر سماعت ہوگی

اسلام آباد ( آن لائن) پنجاب میں عام انتخابات کیلئے فنڈز کے اجراء کے معاملے پر آج سپریم کورٹ میں اِن چیمبر سماعت ہوگی۔

 آج ہونے والی سماعت میں بنچ کے تینوں ارکان یعنی چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر شریک ہونگے، سپریم کورٹ نے تمام حکام کو آج ساڑھے 11 بجے چیف جسٹس چیمبر میں طلب کر رکھا ہے۔

ذرائع کے مطابق تینوں ججز سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کے فراہم کردہ ریکارڈ کا جائزہ لیں گے، سیکرٹری الیکشن کمیشن پنجاب اور کے پی میں انتخابات پر پیشرفت سے آگاہ کرینگے، وزارت خزانہ اور سٹیٹ بینک حکام فنڈز سے متعلق رپورٹ پیش کرینگے،ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل ججز کو فنڈز کی فراہمی سے متعلق پارلیمنٹ میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کرینگے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 12 اپریل کو الیکشن کمیشن کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی کی رپورٹ پر نوٹسز جاری کر دیئے تھے، سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کیلئے وفاقی حکومت کو 21 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں