افغانستان نے پاکستان کو ہرا کر پہلی بار ٹی 20 سیریز جیت لی

شارجہ: افغانستان نے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی 20 سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

شارجہ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں افغانستان نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 131 رنز کا ہدف آخری اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

رحمان اللہ گرباز نے 44 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، ابراہیم زردان 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

عثمان غنی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، نجیب اللہ زردان 23 اور محمد نبی 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے

پاکستان کی جانب سے زمان خان اور احسان اللہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

 پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے اور افغانستان کو جیت کے لیے 131 رنز کا ہدف دیاتھا۔

عماد وسیم نے شاندار 64 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان شاداب خان 32 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

اوپنر صائم ایوب اور عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، محمد حارث 15 رنز پر نوین الحق کو وکٹ دے بیٹھے۔

طیب طاہر 13 رنز بناسکے، اعظم خان کو ایک رن پر راشد خان نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

افغانستان کی جانب سے فضل الحق فاروقی نے دو وکٹیں حاصل کیں، نوین الحق، راشد خان اور کریم جنت ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

شارجہ میں کھیلے جارہے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی، قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے فہیم اشرف کی جگہ محمد نواز کو شامل کیا گیا۔

قومی اسکواڈ میں کپتان شاداب خان، صائم ایوب، محمد حارث، عبداللہ شفیق، طبیب طاہر، اعظم خان، محمد نواز، عماد وسیم، فاسٹ بولر نسیم شاہ، احسان اللہ اور زمان خان شامل ہیں۔

واضح رہے کہ تین میچز کی سیریز میں افغانستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

پہلے ٹی 20 میچ میں افغانستان نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 93 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں