سالانہ امتحانات سے چند دن قبل کسی طالب علم کا حادثے میں زخمی ہو جاناکسی بھیانک خواب سے کم نہیں ہو گا۔ ایسا ہی بھارت میں ایک طالبہ کے ساتھ ہوا ہے جو اپنے دسویں جماعت کے امتحان سے محض تین دن قبل ایک ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو گئی اور اس نے ایمبولینس میں لیٹ کر پیپرز دیئے۔
انڈیا ٹائمز کے مطابق اس 15سالہ طالبہ کا نام مبشرہ سید بتایا گیا ہے جو ممبئی کے علاقے بیندرہ میں انجمن اسلام کے زیراہتمام چلنے والے ڈاکٹر ایم آئی جے گرل ہائی سکول میں زیرتعلیم تھی۔ وہ شدید زخمی ہو کر ہسپتال میں داخل تھی جب اس کا بائیولوجی کا پیپر آ گیا اور اسے ایمبولینس میں امتحانی مرکز لیجایا گیا۔
مبشرہ سید نے ایمبولینس میں لیٹے ہوئے ہی پیپر حل کیا اور وہیں سے اسے واپس ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ وہ سکول سے گھر واپس جا رہی تھی جب اسے ایک کار نے ٹکر مار کر شدید زخمی کر دیا تھا۔ اس کی ایک ٹانگ فریکچر ہو گئی، جس کی وجہ سے اسے ایمبولینس میں امتحانی مرکز لیجانا پڑا۔