چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ مختلف ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فارمیشن ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں آپریشنل تیاریوں، فارمیشن کی ٹریننگ اور سیکیورٹی امور پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کو ضم شدہ اضلاع میں ترقیاتی کاموں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے فارمیشن کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو سراہا جبکہ سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کےلیے موزوں ماحول کی بھی تعریف کی۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ منصوبے ضم شدہ اضلاع کی دیرپا ترقی اور استحکام کےلیے بہت اہم ہیں۔انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خاتمہ تک اس کے خلاف لڑائی جاری رکھیں گے۔ پاکستان کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان میں مکمل امن انشاءاللّٰہ بحال ہوگا، مختلف ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کی خصوصی اہمیت ہے۔