پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی سعودی سپیئرز آف وکٹری فضائی مشق میں گھن گرج، دل گرما دیئے

لاہور ( آن لائن) پاک فضائیہ کے جے ایف 17 اور ایف 16 لڑاکا طیاروں نے سعودی سپیئرز آف وکٹری فضائی مشق میں شاندار جنگی مہارتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیکھنے والوں کے دل گرما دیئے۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ فضائی مشق سپیئرز آف وکٹری 2023 شاہ عبدالعزیز ایئر بیس پر اختتام پذیر ہو گئی، پاک فضائیہ کے دستے میں جے ایف 17 تھنڈر اور ایف 16 طیارے شامل تھے جنہوں نے جنگی صلاحیتوں کے شاندار مظاہرے سے دیکھنے والوں کے دل گرما دیئے۔ فضائی مشق میں پاک فضائیہ کے علاوہ دوست ممالک کے جدید لڑاکا طیاروں اور عملے نے حصہ لیا۔ ایئرمارشل عبدالمعید خان، ڈپٹی چیف آف ایئر سٹاف، ایئر ڈیفنس نے اختتامی تقریب کا معائنہ کیا۔ 

ترجمان کے مطابق ایئرمارشل عبدالمعید خان نے مشق کی کامیابی پر پاک فضائیہ کے دستے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے فضائی اور زمینی عملے سے بات چیت بھی کی۔ ایئرمارشل عبدالمعید خان نے کہا کہ عالمی سلامتی صورتحال، فضائی جنگ کے تصورات شراکت داری کے متقاضی ہیں۔ عالمی سلامتی میں بڑھتی پیچیدگی سے صورت حال تبدیلیوں سے گزر رہی ہے۔ ایسی مشقیں چیلنجز کےمقابلے میں  تعاون بڑھانے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ مشق کا تیسرا ورژن فروری کے پہلے ہفتہ میں مشرقی سعودیہ میں شروع ہوا جس میں میزبان ملک سعودیہ،  بحرین ، اردن ، پاکستان، قطر، برطانیہ اور امریکی فضائی افواج نے شرکت کی۔ مشق کا مقصد شریک ممالک کے مابین تعاون کے مواقع کی فراہمی تھا۔ مشق کے دوران الیکٹرانک وار فیئر ، فضائی و دفاعی سسٹمز اور سیمولیٹر لڑاکا طیارے شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں