پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف مزید 2مقدمات درج کرلیے گئے ہیں ۔
عمران خان کے خلاف پہلا مقدمہ تھانہ سیکریٹریٹ اسلام آباد کے ایس ایچ او کی مدعیت میں تھانہ ریس کورس لاہور میں درج ہوا ، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جب اسلام آباد پولیس عمران خان کی گرفتاری کے لیے زمان پارک پہنچی تو تحریک انصاف کے ڈنڈا بردار کارکنوں نے پولیس ٹیم کو گھیرے میں لے لیا، کارکنوں کی جانب سے پولیس اہلکاروں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں، ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ زمان پارک کے باہر جو کچھ بھی ہوا اس کی پلاننگ عمران خان نے کی تھی۔
سربراہ تحریک انصاف کے خلاف دوسرا مقدمہ عبدالخلیل کاکڑ نامی شہری کی درخواست پر تھانہ بجلی روڈ کوئٹہ میں درج ہوا ہے ، مقدمے میں الیکٹرانک کرائم سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں،مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ عمران خان نے اپنی تقاریر میں ریاستی اداروں کے خلاف بے بنیاد الزام لگا کر نفرت پھیلانے کی کوشش کی ہے۔