پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کی گرفتاری کو قابلِ مذمت قرار دے دیا۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں عمران خان نے کہا ’ لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجدشعیب کی قابلِ مذمت گرفتاری ظاہر کرتی ہے کہ سرپرستوں کی آشیرباد سے تبدیلیِ سرکار کی سازش سےجنم لینے والے مجرموں پرمشتمل سفّاک بندوبست کو بچانے کیلئے پاکستان میں جمہوریت اور آزادی کو پوری طرح تباہ کیا جا رہاہے۔‘ انہوں نے مزید کہا ’ وقت آ گیا ہے کہ ہر شہری حقیقی آزادی کیلئے کھڑا ہو اور پاکستان کو پاتال میں اترنے سے بچائے۔‘
خیال رہے کہ جنرل (ر) امجد شعیب کو پیر کے روز ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا ، ان کے خلاف تھانہ رمنا میں عوام کو اداروں کے خلاف اکسانے کا مقدمہ درج ہے۔ گرفتاری کے بعد انہیں عدالت میں بھی پیش کیا گیا جہاں سے انہیں تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔