فٹ بال میچ کے دوران ترک فٹبال کلب کے مداحوں نے زلزلہ متاثرہ بچوں کیلئے ہزاروں کھلونے گراؤنڈ میں پھینک دیے

 ترک سپر لیگ کے میچ کے دوران فٹ بال کلب  بیسکٹاس  کے فینز  نے زلزلے سے متاثرہ بچوں کو عطیہ کرنے کے لیے میچ کے دوران ہزاروں  کھلونے پچ پر پھینکے۔ میچ کو چار منٹ 17 سیکنڈ کے بعد روک دیا گیا، یہ  اس وقت کی نمائندگی کرتا ہے جب 6 فروری کو 04:17 پر ترکی اور شام میں پہلا زلزلہ آیا تھا۔ اس کے بعد شائقین نے سٹینڈز سے کھلونے پھینکنا شروع کر دیے، جو ترکی اور شام کے بچوں کو دیے جائیں گے۔ زلزلے کے بعد اب تک 50 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

بی بی سی کے مطابق  بیسکٹاس انتظامیہ  نے کہا ‘ہمارے  فینز  نے میچ کے دوران ‘یہ کھلونا میرا دوست ہے’ کے نام سے ایک بامعنی تقریب کا انعقاد کیا تاکہ زلزلے سے متاثرہ بچوں کا حوصلہ بڑھایا جا سکے۔ شائقین نے زلزلہ زدہ علاقے میں بچوں کو تحفے کے طور پر دئیے جانے والے سکارف، بیریٹ اور عالیشان کھلونے پھینک دیے۔’

دفاعی کھلاڑی طیب سانوک نے کہا ‘فٹ بال سے بھی زیادہ اہم چیزیں ہیں۔ ہم بحیثیت ملک مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔ ہم مل کر زخموں پر مرہم رکھیں گے۔ہمارے مداحوں نے ایک معنی خیز تقریب کا انعقاد کیا جس سے  میں بہت متاثر ہوا۔ مجھے امید ہے کہ ہمیں دوبارہ کبھی ایسی تباہی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔’

غازی انتیپ اور ہیتاسپور کے کلب شدید زلزلے کی وجہ سے ترک سپر لیگ سیزن سے دستبردار ہوگئے تھے۔ زلزلہ میں جان گنوانے والوں میں ہیتاسپور کے  کرسچن اتسو بھی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں