پنجاب حکومت اور پی سی بی کے درمیان سکیورٹی اخراجات کا فارمولا طے پا گی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے میچز کیلئے پنجاب حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان سکیورٹی اخراجات کا فارمولا طے پا گیا۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق پی ایس ایل کے پنجاب میں ہونے والے میچز کی سکیورٹی کیلئے پی سی بی کی جانب سے حکومت پنجاب کو 10 کروڑ روپے ادا کیے جائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میچز کی سکیورٹی انتظامات کی مد میں آنے والے اخراجات میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا حصہ 10 کروڑ ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور پنجاب حکومت کے درمیان سکیورٹی اخراجات کے معاملے پر اختلافات سامنے آئے تھے، پی سی بی نے پنجاب حکومت کو اخراجات کی ادائیگی سے صاف انکار کر دیا تھا جبکہ پنجاب حکومت نے بھی اخراجات کی ادائیگی سے معذرت کر لی تھی۔

معاملہ سنگین ہونے پر چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے پی سی بی کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس پر وزیراعظم نے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہائی کرائی تھی۔

یاد رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سکیورٹی اخراجات کیلئے پی سی بی سے ابتدا میں 90 کروڑ، پھر 45 اور بعد ازاں 25 کروڑ طلب کیے گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں