حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) نے سلطنت اومان میں اپنا بینکنگ بزنس اور فنانشل سروسز بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق آپریشنز بند کرنے کے لیے ایچ بی ایل کو اومان کے مرکزی بینک کی طرف سے اجازت بھی مل گئی ہے۔
سنٹرل بینک آف اومان کی طرف سے اجازت ملنے کے بعد ایچ بی ایل سلطنت میں اپنے آپریشنز مرحلہ وار بند کرے گا۔ رپورٹ کے مطابق ایچ بی ایل واحد پاکستانی بینک ہے جو اومان میں کئی سالوں سے آپریٹ کر رہا ہے اور سلطنت میں اس کی پانچ برانچیں ہیں۔
واضح رہے کہ ایچ بی ایل کی طرف سے بیرون ممالک اپنے تمام آپریشنز بند کیے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے بینک کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ وہ مقامی مارکیٹ پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے بیرون ممالک اپنے آپریشنز بند کر رہا ہے۔ قبل ازیں بینک امریکہ اور فرانس سمیت کئی ممالک میں اپنے آپریشنز بند کر چکا ہے۔لبنان، افغانستان اور ماریشس میں اس کے آپریشنز بند ہونے کے مراحل میں ہیں۔