بھارت میں شادی کے دو روز بعد دولہا نے خنجر کے وار کرکے دلہن کو قتل کر دیا اور اسی خنجر سے خودکشی کر لی۔ انڈیاٹائمز کے مطابق یہ واردات ریاست چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور میں ہوئی۔ 24سالہ اسلم اور 22سالہ کہکشاں بانو کی شادی اتوار کے روز ہوئی تھی اور منگل کے دن ان کا ولیمہ طے تھا۔ انہیں پیر اور منگل کی درمیانی رات دولہا دلہن کمرے میں تھے جب دونوں میں کسی بات پر جھگڑا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق دولہا کی والدہ نے اچانک کمرے سے دلہن کی چیخوں کی آواز سنی اور سب لوگ دوڑ کر کمرے کی طرف گئے تاہم اگلے ہی لمحے آواز بند ہو گئی۔ دروازہ اندر سے بند تھا، لوگوں نے دروازے کے سوراخ سے دیکھا تو دولہا دلہن دونوں خون میں لت پت پڑے تھے۔
گھر والوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس آفیسرز دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور دولہا دلہن کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیں۔پولیس کے مطابق جائے واردات سے خنجر بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ بظاہر دولہا دلہن میں کسی بات پر جھگڑا ہوا اور دولہا نے دلہن کو قتل کرنے کے بعد اپنی جان لے لی۔ تاہم مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔