لاہور ( آن لائن) تحریک انصاف کے صدر پرویز الہیٰ کو کرپشن کےایک مقدمے میں بری کر دیا گیا تاہم انہیں دوسرے مقدمے میں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ نے پرویز الہی کیخلاف کرپشن کے مقدمے کا محفوظ فیصلہ سنایا۔ اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے پرویز الہیٰ کے 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پرویز الہیٰ کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں تو انہیں فوری رہا کر دیا جائے۔ بتایا گیا ہے کہ پرویز الہیٰ کو مقدمے میں ناکافی شواہد کی بنا پر بری الذمہ قرار دیا گیا۔ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہے کہ پرویز الہیٰ کی بریت کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔
ایک مقدمے میں رہائی ملتے ہی اینٹی کرپشن نے پرویز الہیٰ کو دوسرے مقدمے میں پھر گرفتار کر لیا، ان کو اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کے حوالے کیا جائے گا۔