ڈالر 400روپے ، سونا 3 لاکھ روپے تولہ اور سریا4 لاکھ روپے ٹن تک پہنچ جائے گا ، تہلکہ خیز دعویٰ سامنے آگیا

کراچی (آئی این پی) چیئر مین کراچی تاجر الائنس ایسوسی ایشن ایاز میمن موتی نے بڑہتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہی حالات رہے تو ڈالر چارسوروپے ، سونا تین لاکھ روپے تولہ اور سریاچار لاکھ روپے ٹن تک پہنچ جائیگا اور اگر پاکستان میں معاشی تباہی کو روکنے کے لیئے کوئی اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والے وقت میں مسائل میں مزید اضافہ ہوگا جو عوام کی زندگیوں میں مشکلات کے بڑہنے کا باعث بنے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔

ایاز میمن موتی والا نے کہا کہ جس شرح سے پاکستان کی آبادی بڑھ رہی ہے اور تو مستقبل میں لوگوں کے لیے اپنا گھر اور اپنی چھت خواب بن جائے گا، لوگ جھونپڑوں میں منتقل ہونے پر مجبورہو جائیں گے لہذا پاکستان کو معاشی طور پر تباہی تک پہنچانے کے ذمہ دار اور پاکستان کو چلانے والے اپنی گردن سے سریے کو درست کرلیں ورنہ ان کی انا، ضد ملک کومزید تباہی کے جانب لے جائیگی اور کہیں ایسا نہ ہو کہ ڈالر ایک ہزار روپے کی بلندترین سطح تک نہ پہنچ جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستا ن امپورٹ بیسڈ ملک میں تبدیل ہوچکا ہے سمگلنگ عروج پر ہے، ایکسپورٹ زیرو، سیاحت ختم، نباتات سے لیکر دریا تک اور ہمار ی زرخیز زمین بنجر ہوگئی ہے ، ہمارے پاس اس وقت کچھ نہیں بچا اگر ملک کو مزید تباہی سے بچانا ہے تو ایماندار صاف ستھری محب وطن قیادت کو آگے لانا ہوگا اور نئی نسل کو ملک کی باگ دوڑ سنبھالنے کے لیئے تیار کرنا ہوگا،ملکی امور، معاشی بہتری اور ترقی کے لیئے نوجوانوں کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنا یا جاسکے اگر اب بھی پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیئے اقدامات نہ کیے گئے تو حالات کوئی ایسا رخ اختیار کر سکتے ہیں جہاں سے واپسی شاید ناممکن ہوجائے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیئے حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو مذاکرات کی جانب بڑھنا چاہیے کیونکہ یہ ایک عام پاکستانی کی زندگی اور مستقبل کا سوال ہے شہریوں کے بہتر مستقبل کی منصوبہ بندی کرنا حکومت وقت کی ذمہ داری ہوتی ہے اور اگرحکومت شہریوں کے آنے والے کل کے لیئے اآج  اقدامات نہیں کرتی تو وہ دن بدن عوامی حمایت کھو تی چلی جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں