لندن ( آن لائن) مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف نے کہا ہے کہ اللہ نے یہ وطن 9 مئی جیسے یوم سیاہ کے لیے نہیں بلکہ 28 مئی جیسے روشن دن کے لیے عطا کیا ہے۔
لاہور لبرٹی چوک میں یوم تکبیر کی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئےنواز شریف کا کہنا تھا کہ امتحانی گھڑی میں اللہ نے ہاتھ پکڑا اور درست فیصلے کی توفیق دی، ہم کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے، ایٹمی طاقت بننے کے ساتھ ہمیشہ یہ ہی خواہش رہی کہ ملک 7 ویں ایٹمی قوت بنا اور دنیا کی 7 ویں معاشی اور اقتصادی طاقت بھی بنے۔ انہوں نے کہاکہ کچھ لوگوں نے 2017 میں میری ٹانگیں کھینچنا شروع کردی، نہیں معلوم کہ ان لوگوں کو ملک سے کیا بیر ہے، جب میں 2017 میں وزیراعظم تھا تب ڈالر 104 روپے کا تھا جبکہ آج 300 روپے کا ہے، آٹا 33 روپے فی کلو ملتا تھا لیکن آج 120 روپے فی کلو ہے، پاکستان کو نفرت کی آگ میں جھونکنے اور عوام کو گمراہ کرنے اور ملک کو کئی سال پیچھے دھکیلنے والے بے نقاب ہوگئے۔