لاہور ( آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ کی گزشتہ رات کی پریس کانفرنس کو جرائم چھپانے کی کوشش قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے عمران خان کاکہنا تھا کہ’’ اگر کوئی شک تھا بھی کہ جیلوں میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی جارہی ہے تو اس سند یافتہ مجرم کی اس پریس کانفرنس کے بعد سارے شکوک و شبہات دور ہو جانے چاہئیں، یہ شخص یقینی طور پر ان خوفناک کہانیوں کو (ایک سازش کے جواز میں) چھپانے اور قبل از وقت ان کا پردہ چاک کرنے کی آڑ میں ذمہ داری سے فرار کی کوششیں کررہا ہے، جو عنقریب منظرِ عام پر آنے والی ہیں۔ عفت مآب اور نہایت واجب الاحترام خواتین کو آج سے پہلے ریاست نے کبھی اس طرز کی بدسلوکی اور ہراسگی کا نشانہ نہیں بنایا جیسے پرامن احتجاج کے اپنے بنیادی حق کے استعمال کی پاداش میں انہیں اس فسطائی حکومت کیجانب سے بنایا جا رہا ہے‘‘
واضح رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے سازش تیار کی ہے کہ سیکیورٹی اداروں پر چھاپوں کے دوران خواتین کے ریپ اور کارکنوں کے قتل کا الزام عائد کیا جائے گا اور اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی آڈیوز پکڑی گئی ہیں۔