”پاکستان کے پاس ورلڈ کپ جیتنے کا بہترین موقع ہے،، مصباح الحق کا بیان

لاہور(آن لائن)سابق کپتان، کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس ورلڈ کپ جیتنے کا بہترین موقع ہے۔انہوں نے  کہا کہ یہ آئیڈیل وقت، پاکستان ٹیم کے پاس اچھی تیاری کرنے کا موقع ہے، ابھی سے پلاننگ کی جائے تو ورلڈ کپ کےلیے ٹیم تیار کر سکتے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے 3 بلے باز آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ پر ہیں۔ بولنگ پاکستان کی بہت زبردست ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ بھارتی پچز بیٹرز کےلیے سازگار ہوتی ہیں، کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے بہترین ٹیم کا انتخاب کرنا ہوگا۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کو ون ڈے کی پریکٹس نہیں مل رہی، اس پر کام کرنا ہوگا۔ آپس میں میچز کروائے جا سکتے ہیں، زیادہ ون ڈے کرکٹ کھیلنے کا مواقع بنانے چاہئیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ غیرملکی کوچز اپنے اپنے گھروں کو چلے جاتے ہیں تو قومی ٹیم ٹریننگ کیسے کرے گی؟ 

بابر اعظم سے متعلق بات کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ بطور کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ بہتر ہوئی ہے اور وہ اچھا کھیل رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کپتانی کے بارے میں فیصلہ بابر اعظم نے ہی کرنا ہے۔ وہ خود فیصلہ کریں کہ انہیں کسی فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنی ہے یا نہیں؟پاک بھارت کرکٹ پر بات کرتے ہوئے مصباح نے کہا کہ پاکستان بھارت کرکٹ کے حوالے سے دونوں حکومتوں کو فیصلہ کرنا چاہیے۔ کھیلوں کو سیاست سے الگ کیا جائے اور دونوں ممالک کو آپس میں کھیلنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں