لاہور( آن لائن) سابق گورنر پنجاب اور پیپلزپارٹی کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے عمران خان سے ملاقات کی تردید کردی ہے۔
لاہور میں حرمت آئین اور عدلیہ کی آزادی پر منعقدہ کانفرنس میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کاکہنا تھا کہ نہ عمران خان سے ملا ہوں نہ ہی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا اور اعتزاز احسن کا پیپلز پارٹی سے اٹوٹ تعلق ہے، ہم نے پیپلز پارٹی نہ کبھی چھوڑی ہے نہ چھوڑیں گے۔
پی پی رہنما نے چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کی خبروں کو مسترد کردیا اور کہا کہ عمران خان سے نہ ملا ہوں اور نہ ہی بات کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل نے لطیف کھوسہ اور اعتزاز احسن کے عمران خان سےرابطوں کا دعویٰ کیا تھا ، نجی ٹی وی کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے بیٹوں کو لاہور سے تحریک انصاف کے ٹکٹس دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔