لاہور( آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہاہے کہ پی سی بی کا دو ٹوک مؤقف ہے کہ ہم ایشیا کپ کی میزبانی سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام سکور میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ایشیا کپ کے لیے جو فیصلہ ہوگااس کے اثرات ورلڈکپ پر بھی پڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر ایشیا کپ کے میچ بھارت تیسرے ملک میں کھیلا تو ہائبرڈ ماڈل ورلڈکپ میں پاکستان کے لیے بھی ہوگا، بھارت سے کہہ دیا ہے کہ ہماری حکومت اور عوام ہمارے اس مؤقف کی تائید کرتی ہے، آپ نہیں آتے، تو ہم وہاں کیسے جائیں۔
نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ ہماری طرف سے ریڈ لائن ہے، بھارت ایشیا کپ کھیلنے پاکستان آئے یا تیسرے ملک میں کھیلے، پاکستان کو ایشیا کپ کے بائیکاٹ پر ایک ارب کا نقصان ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دوسری جانب ورلڈکپ میں بھارت جانے سے انکار پر آئی سی سی سے تعلقات متاثر ہونے کا خدشہ ہے لیکن بھارت کو دو ٹوک کہا ہے بھارتی حکومت اگر پاکستان جا کر کھیلنے سے منع کر رہی ہے تو تحریری ثبوت دیں۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی بورڈ حکومتی انکار پر کوئی ٹھوس شواہد دینے میں ناکام رہا ہے، پاکستان سپر لیگ سے اب اتنے پیسے کما لیتے ہیں کہ آئی سی سی نقصان کا ازالہ کرسکتے ہیں۔