بینکنگ سیکٹر میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے سی ای اوز،آپ بھی جانئے

پاکستان کے بینکنگ سیکٹر میں سی ای اوز اچھا خاصا کما رہے ہیں۔ سب سے زیادہ معاوضہ لینے والوں کی فہرست میں کون کون شامل ہیں اور کتنے کما رہے ہیں، سوشل میڈیا کی ویب سائٹ وی نیوز کے مطابق جاوید اقبال پاکستان کے بینکنگ شعبے میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے بینکر ہیں۔ وہ یوبی ایل کے صدر اور سی ای او کے طور پر کام کرتے ہیں۔ اس پوزیشن پر حال ہی میں انہیں ایک سال مکمل ہوا ہے۔ اگر ان کی تنخواہ کی مد میں آمدنی کو دیکھا جائے تو وہ سالانہ 386 ملین روپے کماتے ہیں جو کہ اسی بینک کے گزشتہ چیف کی سالانہ آمدن سے 97 ملین روپے زیادہ ہے۔
میزان بینک کے صدر اور سی ای او عرفان صدیقی پاکستان کے بینکنگ سیکٹر میں سب سے زیادہ سالانہ کمانے والے افراد کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ ان کی تنخواہ کی مد میں سالانہ آمدن 359 ملین روپے ہے جبکہ ان کی گزشتہ سال کی آمدن 297 ملین روپے تھی۔
وفاقی وزیر خزانہ بننے سے پہلے تک محمد اورنگزیب کو مہنگے ترین بینکر کا اعزاز حاصل رہا۔ اب وہ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ سال 2023 میں تنخواہ کی مد میں انہوں نے 352 ملین روپے کمائے جو کہ سال 2022 کی نسبت 49 ملین روپے زیادہ ہیں۔ محمد اورنگزیب نے گزشتہ ہفتے بطور صدر اور سی ای او، ایچ بی ایل استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد ایچ بی ایل بورڈ آف گورنرز نے محمد ناصر سلیم کو ایچ بی ایل کا صدر اور سی ای او منتخب کیا تھا۔
عاطف باجوہ کا شمار اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سی ای اوز میں ہوتا ہے۔ ان کی تنخواہ میں سال 2023 میں 28 فیصد اضافہ ہوا جو کہ 63 ملین روپے بنتے ہیں۔ سال 2022 میں ان کی سالانہ تنخواہ 225 ملین روپے تھی۔ اس حساب سے سال 2023 میں انہوں نے تنخواہ کی مد میں 288 ملین روپے کمائے۔
ریحان شیخ نے فیصل بینک میں سال 2023 میں تنخواہ کی مد میں 258 ملین روپے حاصل کئے جبکہ سال 2022 میں ان کی سالانہ آمدن 244 ملین روپے تھی۔
یوسف حسین پاکستان کے دوسرے سب سے بڑے اسلامی بینک کے صدر اور سی ای او ہیں، جن کی سالانہ تنخواہ 221 ملین روپے ہے۔ انہوں نے اپنے بینک سے سال 2022 میں 166 ملین روپے تنخواہ وصول کی تھی۔
منصور علی خان، صدر اور سی ای او، بینک الحبیب لمیٹڈ ہیں،انہوں نے سال 2023 میں سالانہ تنخواہ کی مد میں 209 ملین روپے کمائے جبکہ سال 2022 میں انہوں نے 166 ملین روپے تنخواہ وصول کی تھی۔
ظفر مسعود، صدر اور سی ای او، بینک آف پنجاب ہیں ،انہوں نے سال 2023 میں سالانہ تنخواہ کی مد میں 171 ملین روپے کمائے۔ ان کی سالانہ تنخواہ میں 10 ملین روپے کی کمی ہوئی جو کہ 2022 میں 181 ملین روپے تھی۔
عاطف بخاری، صدر اور سی ای او عسکری بینک ہیں ،انہوں نے سال 2023 میں سالانہ تنخواہ کی مد میں 144 اعشاریہ 5 ملین روپے کمائے جبکہ سال 2022 میں انہوں نے بینک سے تنخواہ کی مد میں 96 ملین روپے سے زائد رقم وصول کی تھی۔
شعیب ممتاز، صدر اور سی ای او ایم سی بی بینک ہیں ،انہوں نے سال 2023 میں تنخواہ کی مد میں 126 ملین روپے کمائے جبکہ سال 2022 میں ان کی مجموعی سالانہ تنخواہ 104 ملین روپے رہی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں