میاں نواز شریف نےبینچ میں شامل ججوں کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا مطالبہ کردیا

لندن ( آن لائن) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ تین رکنی بینچ کا فیصلہ غیر آئینی ہے، ان تینوں ججز کے خلاف جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیا جانا چاہیے۔ 

لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایک لاڈلے کی خاطر ملک کے پور ے نظام کو مفلوج کردیا گیا ہے ، پارلیمنٹ کو اپنا آپ منوانا پڑے گا،پاکستانی قوم اس تباہی اور بربادی کے خلاف اٹھ کھڑی ہو۔

انہوں نے کہا کہ انسان اپنے دوستوں سے پہچانا جاتا ہے، چیف جسٹس کے ارد گرد بیٹھے ججز کرپٹ ہیں، جو شخص کرپٹ لوگوں کا تحفظ کرنے لگ جائے وہ ادارے کے وقار کو کیسے تحفظ دے سکتا ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ کہتے ہیں ہم ججز کا تحفظ کریں گے ، ایسے ججز کا تحفظ کریں گے تو ادارے کا کیا کریں گے؟ قوم کو آپ کیا باتیں سنا رہے ہیں، ہمیں یہ باتیں سمجھ نہیں آتیں، قوم کو کہتے ہیں کہ جاگے یہ پاکستان کو برباد کررہے ہیں، ہمارے فل کورٹ کے مطالبہ پر کیوں عمل نہیں کیا گیا؟ فل کورٹ بنانے میں کیا آمرمانع تھا، اس سے پتاچلتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے

نواز شریف نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ غیر آئینی فیصلے سے ڈالر کی قیمت500 روپے ہو جائیگی جبکہ آٹا، دال اور چینی سمیت دیگر اشیا بھی مہنگی ہوجائیں گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں