لاڑکانہ( آن لائن) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہماری سیاست یرغمال ہوچکی ہے، سیلاب متاثرین کی کسی کو فکر نہیں ہے۔
لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب متاثرین کاپیسہ تخت لاہور کی لڑائی پر خرچ کیا جائے گا جس پر پیپلزپارٹی بھرپور احتجاج کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی معاملات حل کرنے کے لیے لارجر بینچ تشکیل دیا جانا چاہیے جس میں تمام سینئر جج شامل کیے جائیں ما سوائے ان ججز کے جو اپوزیشن سے مشاورت کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں، لارجر بینچ نہ بنا تو تاریخ چیف جسٹس کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ انتخابات میں التواء کا کیس سننے والا بینچ نو اراکین سے کم ہوتا ہوا تین اراکین تک پہنچ چکا ہے، سپریم کورٹ آئین کا تحفظ کرنے والا ادارہ ہے یا ٹائیگر فورس کا حصہ ؟
انہوں نے کہا کہ سیاسی معاملات پر لارجر بینچ تشکیل نہ دیا گیا تو آئینی بحران پیدا ہوجائے گا اور حالات مارشل لا جیسے ہوجائیں گے۔