کامیاب حکمت عملی ، محکمہ اوقاف کو بحران سے نکال لیا گیا ، آمدن میں1ماہ میں حیران کن اضافہ

چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجا ب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی کامیابی حکمت عملی کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں صرف 2ماہ میں انہوں نے محکمہ کو مالی بحران سے باہر نکال لیا ہے صرف ایک ماہ کے دوران محکمہ کی آمدن میں 26 فیصد اضافہ ہوگیا ہے شاندارمنصوبہ بندی سے ایک مدت بعد خصوصی آمدن بزنس پلان کے باعث محکمہ کئی برسوں بعد مالی بحران سے باہر آنا شروع ہو گیا ہے۔ اس امر کا انکشاف محکمہ کے خزانہ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر فنانس خالد مسعود فاروقہ کی طرف سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوائی گئی رپورٹ میں کیا اس حوالے سے محکمہ اوقاف کے سیکرٹری اور چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری سے روزنامہ” پاکستان” نے خصوصی گفتگو کی۔

مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ یہ اَمر واضح ہے کہ محصولاتِ زر کے حوالے سے گزشتہ ایک ماہ کی بہترین حکمت عملی،مانیٹرنگ، سپرویڑن اور نگرانی کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں ۔ فنانس ڈائریکٹوریٹ اوقاف کی طرف سے پیش کردہ رپورٹ اوراعداد و شمار کے مطابق ماہ فروری2023ءکی ماہانہ آمدن میں گزشتہ سال 2022 کے ماہِ فرور ی کے مقابلے میں 25.56 فیصد اضافہ ہوا، جو کہ امید بخش اور حوصلہ افزاءہے ان امور کی مانیٹرنگ کو مزید سائنٹیفک بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے ڈیمانڈ اینڈ کولیکشن کنسولیڈیشن ٹول”Demand and Collection Consolidation Tool”کے نام سے پراجیکٹ اور ایک مستقل اپلیکیشن”Application”تشکیل و ترتیب پارہی ہے، جس کے بعد ماہانہ آمدن کے یہ اہداف اور اشاریئے مزید بہتر ہونگے۔

ایک اور سوال کے جواب میں ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے بتایا کہ لاہور زون کی ایڈ منسٹریشن اور مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے، اس کو دو حصّوں میں تقسیم کر کے انتظامات اور آمدن کے اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ مزارات کی سرویلنس اور مانیٹرنگ کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے”سرویلنس اینڈ مانیٹرنگ آف شرائنز” کے نام سے ایک پراجیکٹ بھی متعارف کروایا جارہا ہے، جس سے مزارات کی سیکیورٹی کے امور کو بہتر بنانے کے لیے کیمرہ جات کی تنصیب، ہیڈ کوارٹر اور ڈویژنل لیول پر کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز قائم ہوں گے۔

سیکرٹری اوقاف نے مزید کہا کہ وقف پراپرٹیز سے آمدن کے امکانات کو مزیدنفع بخش بنا کر اوقاف اور وقف عمارات بالخصوص مساجد و مزارات کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اوقاف اراضی پر کمرشل پراجیکٹس قائم کیے جائیں گے، جس سے عامتہ الناس کے فائدے کے ساتھ اوقاف کے وسائل میں بھی اضافہ ہوگا۔ وقف اراضیات کی نیلامیوں کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق کیا جائے گا۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احمد افنان،ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف آصف علی فرخ، ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف عامر علی چشتی،ڈائریکٹر فنانس اوقاف خالد مسعود فاروکہ،ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو، ڈائریکٹر لیگل محمد اسلم سپرا، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ اوقاف عظیم حیات اور ایڈ منسٹریٹر اوقاف لاہور شاہد حمید ورک سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ایک اور سوال کے جواب میں ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ ہم نے ایسی حکمت عملی بنائی ہے کہ محکمہ اوقاف کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے دن رات کوشش کی جا رہی ہے  آپ کی ایسی راضی یا جائیداد ہے جو پرکشش کمرشل زون میں واقع ہےایسی راضی 20 سے 30 سال کے لیے پٹا پر دی جائے گی ۔ مزارات کی سیکیورٹی انتہائی سخت کی جارہی ہے سی سی ٹی وی کیمروں کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے ہر مزار  پرزائرین جو نذر پیسوں کی صورت میں گلوں میں ڈالتے ہیں انکو کھولنے کا طریقہ کار مزید شفاف بنایا جا رہا ہے، ہم نے کئی پروجیکٹ شروع کیے ہیں جن کے ثمرات بہت جلد حل ہو جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں