لاہور میں پولیس نے 15ہزار روپے رشوت نہ دینے پر مبینہ طور پر 65سالہ شخص کو تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت شیخ منیر احمد کے نام سے ہوئی ہے جو کباڑ کا کام کرتا تھا۔ رشوت نہ دینے پر اسے چار پولیس اہلکاروں نے گرفتار کر لیا اور اکرم پارک چوکی پولیس سٹیشن لیجا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس اہلکاروں کے تشدد سے شیخ منیر احمد کی حالت غیر ہو گئی۔ اسے میاں منشی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو دن زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد اس کی موت واقع ہو گئی۔ مقتول کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ تشدد سے جب شیخ منیر کی حالت بگڑی تو پولیس والوں نے اسے چھوڑ دیا۔ اس کے بعد وہ دو دن ہی زندہ رہا اور چل بسا۔