پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ عمر گل نے کہا ہے کہ افغانستان کے خلاف پہلے ٹی 20 میں کم سکور کے باوجود پاکستانی باؤلرز نے فائٹ بیک کیا جوخوش آئند ہے۔جمعہ کو شارجہ میں کھیلے گئے 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔
دنیا نیوز کے مطابق پاکستان کے 93 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم نے 18 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا اور یوں افغانستان نے پہلی بار کسی انٹرنیشنل میچ میں گرین شرٹس کو شکست دی۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ عمر گل نے کہا کہ اگلے دو میچز جیت کر سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔
عمر گل کا کہنا تھا کہ ٹیم کے نوجوان کھلاڑی پی ایس ایل میں اچھا پرفارم کر کے آئے ہیں، پاکستان اور شارجہ کی کنڈیشنز میں فرق ہے، پلیئرز کو تیاری کا بھی زیادہ ٹائم نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ غلطیوں سے سیکھ کر اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے، ڈیبیو کرنے والے احسان اللہ نے زبردست بولنگ کی، پہلے اوور میں وکٹیں لیں، دیگر بولرز نے بھی اچھی باؤلنگ کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آج آرام کرے گی، اتوار کو سیریز کا دوسرا ٹی 20 میچ شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔پاکستان ٹیم افغانستان کے خلاف تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 27 مارچ کو کھیلے گی۔