خانہ جنگی کے شکار عرب ملک شام پر امریکی فضائی حملوں میں 11 ایران نواز جنگجو مارے گئے ، یہ اس ڈرون حملے کے جواب میں کیے گئے ہیں جس میں ایک امریکی ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہوئے تھے۔
پینٹاگون کے مطابق ‘ایرانی ساختہ ‘ ایک کامیکاز ڈرون نے شمال مشرقی شام میں ہساکی کے قریب امریکی زیر قیادت اتحاد کے ایک اڈے پر بحالی کی سہولت کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں ایک امریکی کنٹریکٹر ہلاک اور ایک اور کنٹریکٹر اور پانچ امریکی سروس اہلکار زخمی ہو ئے تھے۔
اے ایف پی کے مطابق اس کے جواب میں امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے جمعرات کو کہا تھا کہ صدر جو بائیڈن کی ہدایت پر انہوں نے ‘آج رات مشرقی شام میں ایران کے اسلامی انقلابی گارڈ کور سے وابستہ گروپوں کی تنصیبات کے خلاف فضائی حملوں کا حکم دیا ہے۔’ آسٹن نے کہا ‘یہ فضائی حملے آج کے حملے کے ساتھ ساتھ شام میں اتحادی افواج کے خلاف پاسداران انقلاب سے وابستہ گروپوں کے حالیہ حملوں کے جواب میں کیے گئے تھے۔’