پشاور میں ایک شخص ہیروئن سے بھرے کیپسول نگل کر انہیں سمگل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ ڈیلی ڈان کے مطابق ملزم کی شناخت محمد اکرم کے نام سے ہوئی ہے جو پنجاب کے شہر چنیوٹ کا رہائشی ہے۔ ملزم کے متعلق ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے نارکوٹکس کنٹرول ونگ کو اطلاع ملی، جس پر اس کا تعاقب شروع کر دیا گیا۔
ملزم حاجی کیمپ بس ٹرمینل پر گیا اور وہاں سے اسلام آباد جانے والی بس پر سوار ہو گیا۔ اہلکاروں نے ملزم کو بس میں سے گرفتار کرکے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا جہاں اس کے پیٹ سے ہیروئن سے بھرے کیپسول نکالے گئے۔ ان کیپسولز میں 180گرام ہیروئن تھی۔
بتایا گیا ہے کہ ملزم اسلام آباد جانا چاہتا تھا اوروہاں سے اسے برطانیہ کی پرواز پر سوار ہونا تھا۔ ملزم منشیات سمگل کرکے برطانیہ لیجانا تھا۔ ایکسائز پولیس سٹیشن میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اوراس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔