لاہور میں ایک نجی یونیورسٹی کے طالب علموں نے جعلی شادی کی تقریب منعقد کر ڈالی۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق اس فرضی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جن میں ایک طالب علم اور طالبہ کو دولہا دلہن بنے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ باقی طلبہ شادی کے مہمانوں کے طور پر ہلہ گلہ کر رہے ہوتے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ دولہا دلہن کا انتخاب ایک مہم کے بعد کیا گیا، دو سینئر طالب علموں کو بطور دولہا دلہن منتخب کرکے تمام طلبہ نے مل کر شادی کی تمام تقریبات کے انتظامات کیے۔ شادی کی تین روزہ تقریبات ہوئیں، جن میں مہندی سے لے کر رخصتی تک تمام رسومات ادا کی گئیں۔
اس فرضی شادی کا اہتمام لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز)کے طلبہ کی طرف سے سالانہ فیسٹیول کے طور پر کیا گیا۔ طلبہ نے اس شادی کو ’بیچ شادی‘ (Batch Shaadi)کا نام دیا گیا۔ انٹرنیٹ صارفین کی طرف سے اس شادی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ مہ رو شمع نامی ایک لڑکی نے لکھا ہے کہ ”باقی یونیورسٹیوں کے لوگ کوانٹم مکینکس یا تھرموڈائنامکس پڑھ رہے ہیں اور یہ لوگ مجرا کرنے میں مصروف ہیں۔بخت جٹ نامی ایک صارف نے لکھا ہے کہ ”کئی مواقع آئے جب میں نے لمز کی بجائے اور ایک اور یونیورسٹی کا انتخاب کرنے پر اللہ کا شکر ادا کیا۔ یہ بھی انہی میں سے ایک موقع ہے۔“مہرین نامی لڑکی نے لکھا ہے کہ ”بہتر ہوتا اگر یہ لوگ فرضی دولہا دلہن کی بجائے کوئی اصلی جوڑا تلاش کرتے اور اس کی سچ مچ شادی کرتے۔“