پولیس کی نفری نے ایک مرتبہ پھر زمان پارک کے قریب مال روڈ پہنچنا شروع کر دیا، کارکنان الرٹ ہو گئے اور پولیس کی زمان پارک کی جانب پیش قدمی روکنے کیلئے سازوسامان اکٹھا کر لیا۔
عمران خان کی گرفتاری کیلئے پنجاب پولیس اور رینجرز کا آپریشن روک دیا گیا ہے تاہم آپریشن پھر سے شروع ہونے کا خدشہ موجود ہے، تحریک انصاف کے کارکنوں نے اس خطرے کے پیش نظر بہت بڑی تعداد میں زمان پارک کے گرد ڈیرے ڈال لئے ہیں، یہ صرف لاہور سے نہیں بلکہ ملک کے کئی شہروں سے یہاں پہنچے ہیں جبکہ مزید قافلے بھی پہنچ رہے ہیں۔ کارکنان نے ڈنڈوں، پتھروں اور غلیلوں پر مشتمل سامان بڑی تعداد میں اکٹھا کر کے محاذ سنبھال لیا ہے۔ کارکنان نے اینٹوں کو توڑ کر پتھروں کے ڈھیر سڑک کے مختلف مقامات پر اکٹھے کر لئے تاکہ جونہی پولیس گرفتاری کیلئے پیش قدمی کرے تو جوابی کارروائی کی جائے۔
کارکنان نے عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر ایک بار پھر کنٹینر لگا دیئے جس کا مقصد پولیس کی آمد پر مزاحمت پیدا کرنا ہے۔ کارکنان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو کسی صورت گرفتار نہیں کرنے دیں گے۔
دوسری جانب پولیس کی نفری ایک مرتبہ پھر عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے قریب مال روڈ پر صف آرا ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ کینال روڈ کے مختلف مقامات پر کنٹینر لگا دیئے گئے جہاں پولیس اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ شہریوں کو ٹھوکر نیاز بیگ سے آگے کینال روڈ پر سفر کرنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔