ملک بھر میں ایک ہی دن روزے کیلئے وزارت مذہبی امور نے اہم قدم اٹھالیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق وزارت مذہبی امور نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں طلب کرلیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند 22 مارچ 29 شعبان المعظم کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔
چاند کی رویت سے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 22 مارچ 29 شعبان المعظم کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے، رمضان کے چاند کی پیدائش 21 مارچ کی شب 10 بجکر 23 منٹ پر ہوگی۔
ادھر سیکرٹری وزارت مذہبی امور آفتاب اکبر درانی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ امید ہے اس مرتبہ ماہ رمضان کا چاند متفقہ ہوگا، ان کاکہناتھا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہمیشہ صوبوں کو ساتھ لیکر چلتی ہے، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مولانا عبد الخبیر آزاد کے مطابق ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اسی روز ہوں گے۔