پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف نے 15 مارچ کو فیصلہ کن احتجاج کا اعلان کر دیا

 بار بار احتجاج اور ہڑتالوں کے باوجود مطالبات حل نہ ہوئے۔ پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف کا 15 مارچ کو فیصلہ کن احتجاج کا اعلان کر دیا ، پی آئی ایم ایچ انتظامیہ کی انتقامی کارروائیوں کے خاتمے تک اور مسائل کے حل تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے پی آئی ایم ایچ (مینٹل ہسپتال) میں ہونے والے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدار ت صوبائی صدر محمد ارشد بٹ نے کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کے 2 ملازمین کی سیکرٹری کو ڈسپوزل بھیجنے اور کورٹ سے بحال ملازمین کو ڈیوٹی پر نہ لینے پر مشترکہ طور پر احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں 15مارچ 2023 کو جیل روڈ پر احتجاج کیا جائے گا اور مینٹل ہسپتال سمیت سروسز ہسپتال میں مکمل ہڑتال کی جائے گی اور کسی قسم کی سروسز انجام نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن نے مطالبات کیلئے بارہا احتجاج کی کال دی مگر ہسپتالوں کی انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانیوں کے بعد پرامن رہے۔ مگر پھر بھی انتظامی افسران کی جانب سے بلاجواز اور انتقامی کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں جس پر احتجاج کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

 اس میں پی آئی ایم ایچ انتظامیہ سمیت دیگرہسپتالوں کے سربراہان کو انتقامی کارروائیاں ترک کرکے ملازمین کو تحفظ فراہم کرنے سے متعلق سوچنا ہو گا ورنہ احتجاج کا دائرہ کاروسیع کر دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں