پرتگال کے سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے ترکی اور شام کے زلزلہ زدگان کے لیے امدادی اشیاءسے بھرا ہوائی جہاز بھیج کر ایک بار پھرلوگوں کے دل جیت لیے۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کی طرف سے بھجوائے گئے اس امدادی سامان میں خیمے، اشیائے خورونوش، تکیے، کمبل، بیڈ، بچوں کے کھانے کی اشیائ، دودھ، ادویات اور دیگر اشیاءشامل ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو نے اس سے قبل اپنی دستخط شدہ جرسی کی نیلامی کی اور اس سے حاصل ہونے والی رقم ترکی اور شام کے زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے عطیہ کی تھی۔ ان کے ساتھ دیگر کئی فٹ بالرز نے بھی اس کار خیر میں حصہ لیا اور اپنی جرسیاں نیلام کرکے رقم عطیہ کی۔ واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے حال ہی میں سعودی عرب کے النصر فٹ بال کلب کے ساتھ معاہدہ کیا تھا، جس کے بعد سے وہ اپنی فیملی کے ہمراہ سعودی عرب میں مقیم ہیں۔