تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمدطاہرالقادری نے کہا ہے کہ شب برأت بخشش، گناہوں سے توبہ اور دعاؤں کی قبولیت کی رات ہے،یہ مبارک شب رمضان المبارک کے مقدس ماہ کی آمد کا اعلان بھی ہے،امت اخلاق و کردار سنوارنے پر توجہ دے اور اللہ رب العزت سے اس کےلئے توفیقات میں اضافہ کےلئے گڑ گڑا کر دعا کرے ا خلاق بگڑنے سے سب کچھ بگڑ گیا ہے،اچھے برے، حلال اور حرام کی تمیز ختم ہو گئی ہے یہی وجہ ہے کہ اللہ رب العزت کی نعمتوں اور برکتوں کا نزول بھی رک گیاہے اور آج امت آفات و تکالیف سے دو چار ہے ۔اللہ رب العزت کا حکم ہے کہ جب بھی مشکل آئے تو نماز اور صبر سے مدد طلب کرو امت محمدیہ کا ہر فرد بالخصوص نوجوان شب برأت کو عہد کریں کہ وہ نماز پنجگانہ کی ادائیگی کو یقینی بنائیں گے اور اپنی مخفی اور ظاہرہ صحبتوں کو پاکیزہ اور اپنے خیالات اور غور و فکر کے انداز مثبت بنائیں گے۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ دعا ایک اہم عبادت ہے،شعبان کی 15ویں رات کو خاص طور پر اللہ کی رحمت بندوں کی دعاؤں کی منتظر رہتی ہے کہ کب بندہ دعا کرے اور اللہ کی رحمت برس جائے۔ شب برأت کو ساری مسلم قوم توبہ استغفار کرے یہ مقدس راتیں در توبہ کھولتی اور اللہ کو راضی کرنے کا ذریعہ بنتی ہیں،شب برأت کو شب توبہ،شب مغفرت اور شب عبادت و ریاضت کا مقام حاصل ہے۔