امریکی ریاست ہوائی میں ہنی مون کیلئے جانے والے جوڑے نے بتایا کہ سنورکلنگ ٹور گروپ انہیں سمندر میں چھوڑ آیا، انہیں ایک گھنٹے تک تیر کر ساحل پر واپس آنا پڑا۔ جوڑے کی جانب سے سنارکلنگ گروپ کے خلاف پانچ ملین ڈالر ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا ہے۔
این بی سی نیوز کے مطابق یہ واقعہ ستمبر 2021 میں پیش آیا، جب الزبتھ ویبسٹر اور ان کے شوہر الیگزینڈر برکل ماؤئی کے قریب ایک چھوٹے سے جزیرے لانائی میں سنورکلنگ کرنے گئے تھے۔ گزشتہ ماہ دائر کیے گئے ایک وفاقی مقدمے میں دونوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے خوفناک واقعے کی تفصیلات بتائیں ہیں۔ وہ ان 44 مسافروں میں شامل تھے جو سیل ماؤئی کے لانائی کوسٹ سنارکل کے دورے کے لیے نکل رہے تھے۔
اپنے مقدمے میں جوڑے نے کہا کہ کپتان نے مطلع کیا کہ کشتی اگلے مقام پر جانے سے پہلے تقریباً ایک گھنٹے تک اس مقام پر لنگر انداز رہے گی۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ سیر کے دوران مسافر مختلف اوقات میں کشتی پر واپس آئے۔ تاہم جب تقریباً ایک گھنٹے بعد جوڑے نے کشتی پر واپس جانا شروع کیا، تو پانی کٹنا شروع ہو گیا اور وہ کشتی کی طرف زیادہ جارحانہ انداز میں تیرنے لگے۔ لیکن تقریباً 15 منٹ کی تیراکی کے بعد جوڑے نے محسوس کیا کہ انہوں نے ‘اب بھی کشتی کی طرف پیش رفت نہیں کی تھی’۔ ‘تقریباً 12:20 بجے مزید 15 منٹ جارحانہ تیراکی کے بعد کشتی اور دور جا چکی تھی۔
نیو یارک پوسٹ کے مطابق ایک بار جب جوڑے کو احساس ہوا کہ کشتی چلی گئی ہے، تو انہوں نے تیرتے رہنے اورمدد کے اشارے بنانے کی کوشش کی لیکن ان پر کسی نے دھیان نہیں دیا۔ انہوں نے اپنے مقدمے میں کہا کہ دونوں ‘گھبرانے لگے تھے اور سمندر میں تیرنے کے لیے جدوجہد کر رہے تھے، انہیں ڈر تھا کہ وہ ڈوبنے کے قریب ہیں۔’
یہ جوڑا آخرکار لانائی کے ساحل تک پہنچنے میں کامیاب رہا، لیکن مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ڈی ہائیڈریشن اور تھکاوٹ کا شکار تھے۔ انہیں جزیرے کے ایک رہائشی سے مدد ملی، جس نے انہیں پانی دیا اور انہیں اپنا فون استعمال کرنے دیا۔
اس کے بعد ویبسٹر نے سنارکلنگ کمپنی کو فون کیا اور عملے کو بتانے کی کوشش کی کہ وہ دورے پر لاپتہ ہو گئے تھے، لیکن عملے کے رکن نے مبینہ طور پر انہیں بتایا کہ وہ تو انہیں واپس لا چکے ہیں۔ مقدمے میں عملے پر یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ وہ ہر اس شخص کو غلط شمار کرتا ہے جو سنورکلنگ سے واپس آیا تھا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے تین بار ہیڈ کاؤنٹ کیے، لیکن پھر بھی کبھی یہ محسوس نہیں ہوا کہ جوڑی غائب تھی۔