انقرہ ( آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدارتی محل میں صدر رجب طیب اردوان سےملاقات کی ہے ۔
اس موقع پر شہباز شریف نے قیامت خیز زلزلے سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر صدر اردوان سے افسوس کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ زلزلے سے ہزاروں افراد کی اموات اور بڑے پیمانے پر مالی نقصان پر گہرا دکھ اور افسوس ہے، پاکستانی قوم اپنے ترک بہن بھائیوں کو مصیبت کی اس گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2005 کے زلزلے میں ترک قوم کی جانب سے پاکستانیوں کی بھرپور مدد کی گئی تھی ، ترکیہ کی امدادی ٹیموں نے زلزلے متاثرین کی مدد کے لیے دن رات ایک کر دیئے تھے۔
اس موقع پر ترک صدر کی جانب سے امداد بھیجنے پر پاکستانی قوم کا شکریہ بھی ادا کیا گیا ۔ طیب اردوان کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم نے جس طرح ہماری مدد کی ہے اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔