اٹلی کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعے کے بعد لیبیا میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا ہے جس میں متعدد پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق لیبیا کشتی حادثے میں 3 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، طرابلس میں پاکستانی سفارتخانہ لاشیں پاکستان منتقل کرنے میں مدد کر رہاہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اٹلی اور لیبیا میں کشتیاں ڈوبنے کے علیحدہ علیحدہ حادثات ہوئے ہیں۔سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں بدقسمت کشتیوں میں سوار پاکستانی غیر قانونی طور پر لیبیا سے اٹلی جا رہے تھے۔خیال رہے کہ اتوار کے روز اٹلی میں بھی کشتی ڈوبنے کے حادثے میں 4 پاکستانی جاں بحق ہوئے تھے۔
ترکیہ سے اٹلی جانے والے غیرقانونی مہاجرین کی کشتی سمندر میں چٹان سے ٹکرا کر ڈوب گئی تھی جس کے نتیجے میں پاکستانیوں سمیت 59 افراد ہلاک ہوئے اور کئی لاپتہ ہیں۔