پنجاب کے 3 اضلاع میں ہزاروں ایکڑ اراضی پاک فوج کے حوالے کردی گئی 

 نگران پنجاب حکومت صوبے کے3 اضلاع بھکر، خوشاب اور ساہیوال میں 45ہزار 267ایکڑ زرعی اراضی کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کے لیے پاک فوج کے حوالے کر دی۔

 “ڈیلی ڈان” کے مطابق ملٹری لینڈ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے پنجاب کے چیف سیکرٹری، بورڈ آف ریونیو اور زراعت، جنگلات، لائیو سٹاک اور آبپاشی کے محکموں کے سیکرٹریز کو بھکر کی تحصیلوں کلور کوٹ اور منکیرہ میں 42ہزار 724ایکڑ، خوشاب کی تحصیلوں خوشاب اور قائدآباد میں 1ہزار 818ایکڑ اور ساہیوال کی تحصیل چیچہ وطنی میں 725ایکڑ اراضی اپنے حوالے کرنے کے لیے خط لکھا گیا تھا۔اس خط میں پنجاب حکومت کے 20فروری 2023ءکے نوٹیفکیشن اور 8مارچ کے جوائنٹ وینچر معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ 8مارچ کو جوائنٹ وینچر مینجمنٹ معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا تھا کہ ریاستی زمینوں کو فوری طور پر پاک فوج کے حوالے کیا جائے۔

ذرائع نے پنجاب حکومت اور پاک فوج کے مابین ہونے والے اس معاہدے کے متعلق بتایا ہے کہ پنجاب حکومت زمین فراہم کرے گی جبکہ فوج اپنے وسائل بروئے کار لائے گی اور منصوبے کے انتظامی معاملات اپنے پاس رکھے گی۔ اس کے علاوہ اس منصوبے میں نجی شعبہ سرمایہ کاری کرے گا اور کھاد اور معاونت فراہم کرے گا۔ 

پاک فوج کے ذرائع نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ فوج اس ملکیت کی زمین نہیں لے رہی۔ یہ پنجاب حکومت کی ملکیت ہی رہے گی۔ فوج ایک مربوط انتظامی ڈھانچہ فراہم کرے گی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ زمینیں زیادہ تر بنجر ہیں اور یہاں پر کاشت کم ہوتی ہے یا بالکل نہیں ہوتی۔ تمام شراکت دار مل کر مقامی افراد کی مدد سے اس بنجر زمین کو زرخیز بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں