نوجوان نے تابوت سے مردوں کی ہڈیاں نکالنے اور کھوپڑی چومنے کی ویڈیو لائیو سٹریم کردی

چین میں ایک  نوجوان کو نو ماہ کی معطل قید کی سزا سنائی گئی ہے ، اس پر الزام ہے کہ اس نے ایک قدیم تدفین کی جگہ کا دورہ کیا اور لائیو سٹریمنگ سے پیسہ کمانے کی کوشش میں تین تابوتوں کی بے حرمتی کی۔ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق  گاؤں والوں نے 21 سالہ شخص جس کا نام چن تھا، کو گزشتہ سال مارچ میں قدیم گولی غار میں تدفین کے مقام سے  پکڑا تھا۔

چن نے اپنے دو دوستوں کی مدد سے تین تابوت کھولے اور اپنی ایک ویڈیو لائیو سٹریم کی جس میں اسے ایک تابوت سے ہڈیاں نکالتے ہوئے دکھایا گیا۔ یہی نہیں بلکہ اسے  کھوپڑی چومتے بھی دیکھا گیا۔ تدفین کی یہ سائٹ  منگ خاندان کے دور حکومت کی ہے  اور اس میں تدفین کی ایک روایتی شکل دکھائی دیتی ہے۔ یہاں غاروں کی طرز کی قبروں میں مردوں کی تدفین کی گئی ہے۔ اسے  2015 میں صوبائی ثقافتی آثار کے تحفظ کی جگہ کے طور پر درج کیا گیا تھا۔

انمو نامی ویڈیو پلیٹ فارم پر ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد لونگلی کاؤنٹی پیپلز پروکیوریٹوریٹ نے 16 فروری کو اس کے خلاف الزامات عائد کیے تھے۔ ابتدائی طور پر پولیس الزامات کو  آگے بڑھانے میں دلچسپی نہیں رکھتی تھی لیکن عدالتی حکام نے ثقافتی آثار کی بے حرمتی  کے لیے ذمہ دار شخص کے خلاف مقدمہ چلانے پر اصرار کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں