مئی واقعہ : عمران خان کی بہنوں نے جے آئی ٹی کے سامنے بیان ریکارڈ کرادیئے

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان نے 9 مئی جناح ہائوس اور دیگر سرکاری املاک پر حملہ کے کیس میں جے آئی ٹی کے سامنے بیان ریکارڈ کرادیئے۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان نے 4 مقدمات کی تفتیش میں اپنے بیان ریکارڈ کروائے جس میں انہوں نے جے آئی ٹی کے سامنے جناح ہائوس میں توڑ پھوڑ اور دیگر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر لاتعلقی کا اظہار کیا۔عظمیٰ خان نے جناح ہائوس کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں شرکت کا اقرار کیا لیکن جناح ہائوس میں ہونےوالی تو ڑ پھوڑ اور جلائوگھیراﺅسے لاعلمی کا اظہارکیا۔علاوہ ازیں ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کی بہن علیمہ خان نے 9 مئی واقعات اور دیگر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سے متعلق لاتعلقی کا اظہار کیا۔علیمہ خان نے اپنے بیان میں کہا کہ ’میں اس وقت زمان پارک میں موجود تھی‘۔ واضح رہے کہ جے آئی ٹی کی ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی کی دونوں بہنوں کو بیان ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کیا تھا۔جے آئی ٹی نے جناح ہائوس 96/2023، ماڈل ٹائون366/2023، ماڈل ٹائون 365/2023، عسکری ٹاور 96/2023اور گلبرگ1271/2023 مقدمات میں بیانات قلم بند کرنے کے لیے بلایا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں