امریکی انڈر سیکریٹری آف سٹیٹ ڈونلڈ لو نے چین کی جانب سے پاکستان کو دیئے گئے قرضے پر اعتراض اٹھا دیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز چین نے پاکستان کو 700 ملین ڈالر کا قرضہ دیا تھا۔
اسسٹنٹ سیکریٹری آف سٹیٹ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ڈونلڈ لو نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے دورہ ہندوستان سے پہلے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ‘بھارت کے قریبی پڑوسی ممالک (پاکستان، سری لنکا، نیپال) کو چینی قرضوں کے بارے میں ہمیں گہری تشویش ہے کہ ان قرضوں کو زبردستی فائدہ اٹھانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔’ پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ یکم سے3 مارچ تک3 روزہ سرکاری دورے پر نئی دہلی جا رہے ہیں۔
ڈونلڈ لو نے مزید کہا کہ امریکہ ہندوستان سمیت خطے کے ممالک سے بات کر رہا ہے کہ وہ اپنے فیصلے خود لیں اور کسی بیرونی پارٹنر کا دباؤ محسوس نہ کریں۔ انہوں نے کہا ‘ہم بھارت سے بات کر رہے ہیں، خطے کے ممالک سے بات کر رہے ہیں کہ ہم کس طرح ممالک کو اپنے فیصلے خود کرنے میں مدد کرسکتے ہیں، نہ کہ ایسے فیصلے جن پر چین سمیت کوئی بھی بیرونی شراکت دار مجبور کر سکتا ہے’۔