لندن( آن لائن)استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما عون چوہدری لندن پہنچ گئے، استحکام پاکستان پارٹی کے بانی جہانگیر ترین پہلے ہی لندن میں موجود ہیں، وزیراعظم شہباز شریف بھی کل لندن پہنچیں گے۔ آئی پی پی کے رہنماؤں کی ن لیگ کے قائد نواز شریف سے ملاقات میں اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے ۔اس حوالے سے جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ وہ طبی معائنے کیلئے لندن آئے ہیں،کوئی سیاسی میٹنگ طے نہیں۔
14 جون کو جب پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین سے لندن میں ممکنہ ملاقات کا سوال کیا گیا تو وہ جواب دیے بغیر چلے گئے تھے۔نواز شریف نے اپنی گاڑی کا شیشہ کھول کر سوال سنا مگر ہاتھ ہلا کر چلے گئے۔استحکام پاکستان پارٹی کے قیام کے بعد جہانگیر ترین کا یہ پہلا دورہ لندن ہے، وہ لندن کے نواحی علاقے میں اپنے فارم ہاؤس میں قیام پذیر ہیں۔