نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ایک دلہن نے شراب کے نشے میں دھت دولہا کے ساتھ شادی سے انکار کر دیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش میں پیش آیا جہاں تقریب میں دولہا نشے میں دھت پایا گیا۔ تیواری پٹی نامی گاﺅں میں ہونے والی شادی کی اس تقریب میں دولہا نشے کی وجہ سے ڈگمگا رہا تھا اور دلہن کو ورمالا بھی نہیں پہنا پا رہا تھا۔
دولہا کی یہ حالت دیکھ کر دلہن کو علم ہو گیا کہ اس نے شراب پی رکھی ہے۔ اپنے دولہا کو اس حالت میں دیکھ کر دلہن نے زاروقطار رونا شروع کر دیا، جس پر شادی کی رسومات روک دی گئیں۔دلہن نے شادی سے انکار کر دیا اوراس کے گھر والوں نے بھی اس کا ساتھ دیا اور دولہا کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
کئی گھنٹے پولیس سٹیشن میں رہنے کے بعد دولہا اور اس کے گھر والے شادی کی تقریب پرہونے والا تمام خرچ دلہن کے ماں باپ کو ادا کرنے پر رضامند ہو گئے جس کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا اور وہ خالی بارات لیے گھر واپس چلے گئے۔