حیدرآباد ( آن لائن) ایک تیلگو فلم پروڈیوسر کو حیدرآباد دکن میں مبینہ طور پر منشیات کی فروخت کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے پاس سے 80 گرام سے زیادہ کوکین ضبط کی گئی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق مصدقہ اطلاع پر پولیس کی ایک ٹیم نے راجندر نگر پولیس سٹیشن کی حدود میں اس وقت ایس کے پی چودھری کو گرفتار کیا جب وہ مبینہ طور پر کوکین فروخت کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس کے پاس سے 82.75 گرام وزنی منشیات کے 90 ساشے ضبط کیے گئے۔ پولیس نے اس کے قبضے سے دو لاکھ پانچ ہزار روپے کی نقدی، چار موبائل فون اور ایک گاڑی بھی ضبط کی۔ ضبط شدہ اشیا کی مالیت ساڑھے 78 لاکھ روپے ہے۔
پولیس کے مطابق تیلگو فلم ‘کبالی’ کے پروڈیوسر چوہدری دو تیلگو اور ایک تامل فلم کے ڈسٹری بیوٹر تھے لیکن انہیں ان فلموں سے متوقع منافع نہیں ملا۔ اس کے بعد وہ گوا چلے گئے اور وہاں ایک کلب شروع کیا۔ وہ مبینہ طور پر حیدرآباد سے اپنے کلب آنے والے دوستوں اور مشہور شخصیات کے ساتھ منشیات کا استعمال کرتا تھا، پولیس نے بتایا کہ کاروبار میں نقصان کی وجہ سے وہ اس سال اپریل میں حیدرآباد واپس آیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ حیدرآباد آتے ہوئے اس نے ایک نائیجیرین (جو لاپتہ ہے) سے کوکین کے 100 ساشے خریدے اور اس میں سے منشیات کے 10 ساشے اس نے خود استعمال کیے یا اپنے دوستوں کو فروخت کیے۔