ہم سے رابطہ کر کے بھاری رقم کی آفر کی گئی مگر ہم نے انکار کر دیا، پی ٹی آئی خواتین ارکان

کراچی (آن لائن) تحریک انصاف کی خواتین اراکین نے کہا ہے کہ ہم سے رابطہ کر کے بھاری رقم کی آفر کی گئی مگر ہم نے میئر کراچی کے انتخاب کیلئے پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے سے انکار کر دیا۔

نجی ٹی وی نائنٹی نیوز کے مطابق کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے لئے انتخاب آج ہو رہا ہے، پیپلز پارٹی کی طرف سے مرتضیٰ وہاب جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے حافظ نعیم الرحمان امیدوار ہیں، میئر کے عہد ےکیلئے 184 نشستیں درکار ہیں، تاہم پیپلز پارٹی کے اراکین کی تعداد 155 اور جماعت اسلامی اراکین کی 130 ہے۔ تحریک انصاف 62 نشستوں کے ساتھ تیسری بڑی جماعت ہے، مسلم لیگ نون 14، جے یو آئی (ف) 4 اور تحریک لبیک پاکستان کے پاس ایک نشست ہے۔

پیپلز پارٹی کو مسلم لیگ نون اور جے یو آئی (ف) کی حمایت حاصل ہے جس کے بعد اس کی مجموعی حامی ووٹرز کی تعداد 173 ہو گئی ہے تاہم جماعت اسلامی کو تحریک انصآف کی حمایت حاصل ہے جس سے اس کے مشترکہ ووٹرز کی تعداد 192 تک جا پہنچی ہے۔ 

اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کے کچھ اراکین نے ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا ہے جس سے صورت حال مخالفین کے حق میں پلٹ سکتی ہے۔ اسی تناظر میں پی ٹی آئی خواتین اراکین کا کہنا ہے کہ انہیں بھاری رقوم کی آفرز کی گئیں تاہم انہوں نے انکار کرتے ہوئے پارٹی پالیسی کے مطابق ہی ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں