لاہور( آن لائن) شہر میں گزشتہ 48گھنٹوں کے دوران 5 خواتین کو درندگی کا نشانہ بنایا گیا۔”ایکسپریس نیوز” کے مطابق لاہورمیں خواتین سے زیادتیوں کے واقعات میں کمی نہ آسکی اور مزید 5 خواتین درندوں کی ہوس کا نشانہ بن گئیں۔
پولیس کے مطابق لیاقت آباد کے علاقے میں شاہدنامی سفاک ملزم نے(ک)کو اس کے سسرال میں اکیلا پاکر اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔نواب ٹاﺅن کے علاقے میں بھی شادی شدہ خاتون درندگی کی بھینٹ چڑھ گئی۔ پولیس کے مطابق ملزم عبداللہ (الف) نامی خاتون کو کپڑے کے کاروبار کا جھانسہ دے کر گھر لے گیا اور اس سے زیادتی کی۔
ایک اور واقعے میں سندر کے علاقے میں ملزم واجد نے طلاق یافتہ (ث)کو شادی کا جھانسہ دے کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔شادباغ کے علاقے میں ملزم خرم نے (ع) نامی خاتون کو گھر میں گھس کر درندگی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی مگر خاتون کے شور کرنے پر ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔چوہنگ کے علاقے میں سفاک ملزم وجاہت نے 14سالہ لڑکی (س) کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق تمام واقعات کے علیٰٰحدہ علیٰحدہ مقدمات درج کرلیے گئے ہیں مگر اب تک کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔