کراچی(آن لائن)پاکستان کی معروف سابقہ اداکارہ ماہ نور بلوچ نے انکشاف کیا ہے کہ”جب وہ بہت چھوٹی تھیں تو کیمرے کے سامنے آنے سے گھبرا کر چھپ جاتی تھیں،جبکہ اپنے سسرال کے اصرار پر انہوں نے اداکاری شروع کی تھی۔”
حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی کےایک پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی شادی، کرئیر اور دیگر موضوعات پر بات کی۔
یاد رہے کہ ماہ نور بلوچ کی شادی حامد صدیقی کے ساتھ بہت کم عمری میں ہی ہوگئی تھی، انہوں نے پروگرام میں بتایا کہ یہ ان کی محبت کی شادی تھی، تاہم مذکورہ پروگرام میں انہوں نے انکشاف کیا کہ “ہم ٹی وی” کی بانی سلطانہ صدیقی ان کے شوہر کے پھوپھی ہیں،سلطانہ صدیقی کے اصرار پر انہوں نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا۔”
ماہ نور نے بتایا کہ” انہیں اداکاری کا کوئی شوق نہیں تھا، کم عمری میں حادثاتی طور پر اداکارہ بنی اور پھر شوبز انڈسٹری کا حصہ بن کر رہ گئیں، چونکہ ان شادی ہوچکی تھی تو انہیں کچھ معلوم نہیں تھا کہ زندگی میں آگے کیا کرنا ہے، جو مواقع مل رہے تھے وہ ان کا تجربہ کررہی تھی۔”اداکارہ نے بتایا کہ “وہ کیمرہ کے سامنے آنے سے گھبراتی تھیں،کیمرہ کو دیکھ کر میں کسی کونے میں جاکر چھپ جاتی تھی، لیکن سلطانہ صدیقی میرے سسر کو فون کرکے اصرار کرتی تھیں کہ میں کسی طرح کیمرہ کے سامنے آجاؤں ، سلطانہ صدیقی نے ہی مجھے اداکاری کرنے پر رضامند کیا۔”
ماہ نور نے یہ بھی انکشاف کیا کہ” ان کے سسرال والے میرے اداکارہ بننے کے خیال پر رضامند تھے کیونکہ ان کے سسر اپنی بہن سلطانہ صدیقی سے بہت قریب تھے، سسرال کا ڈر تھا کہ وہ کہیں ناراض نہ ہوجائیں، اس لیے اداکاری کرنے پر رضامند ہوئی۔”
واضح رہے کہ ماہ نور بلوچ ماضی کے مقبول ڈراموں میں کام کرچکی ہیں جن میں”ماروی”،” حقیقت”،” لیڈیز پارک”،” نور پور کی رانی”،” عشق عبادت” شامل ہیں۔