آج ایک انقلابی دن ہے، روسی آئل کارگو کراچی پہنچنے پر وزیر اعظم کا ردعمل

اسلام آباد ( آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ روسی آئل کارگو  پاکستان پہنچنا ایک انقلاب ہے ، آج کا دن انقلابی ہے۔

اپنے بیان میں میاں محمد شہبا زشریف کا کہنا تھا کہ روس کا کارگو تیل لے کر پاکستان پہنچ چکا ہے ، آج سے پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے ، ہم نے اقتصادی ترقی اور انرجی سیکیورٹی کی جانب ایک اور قدم بڑھا دیا ہے ، ہم ایک ایک کرکے ترقی کی منازل طے کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ روسی جہاز کے معائنے کا عمل جاری ہے ، پیر کے روز سے تیل نکالنا شروع کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک روسی کارگو بحری جہاز کراچی بندرگاہ پر پہنچ گیا۔ ڈیلی ڈان کے مطابق کرسٹل سینٹ پیٹرزبرگ نامی یہ کارگو جہاز صرف 21دن میں روس سے پاکستان پہنچا ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان پہنچنے والے اس روسی کارگو بحری جہاز پر 450کنٹینرز لدے تھے۔ اس کارگو جہاز کے پاکستان آنے سے پاکستان او روس کے مابین تجارتی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ روس کے ساتھ سمندر ی راستے سے براہ راست کارگو سروس شروع ہونے سے دونوں ممالک کے مابین تجارت کا حجم بڑھ کر اڑھائی ارب ڈالر تک ہوجائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں