اسلام آباد ( آن لائن) وفاقی حکومت نے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے بی اے پی (بلوچستان عوامی پارٹی) کے تحفظات دور کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، مولانا غفور حیدری اور آغا حسن بلوچ کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، مصدق ملک، اعظم نذیر تارڑ اور منظور کاکڑ بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ مذکورہ کمیٹی آئندہ ہفتے تفصیلی مشاورت کے بعد اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی ترقی ، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) سے مشاورت کے بغیر ممکن نہیں۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بلوچستان کی ترقی میں دلچسپی اور اقدامات پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔