نئی دہلی(آئی این پی)بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے معروف کارڈیالوجسٹ حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے، شہر جام نگر کے رہائشی 41سالہ ڈاکٹر گوروو گاندھی رات کو سوتے میں دل کا دورہ پڑنے سے جان کی بازی ہار گئے، ڈاکٹر گوروو گاندھی کی یوں اچانک موت پر ان کے دوست احباب سمیت ہسپتال گہرے صدمے میں ہے، آنجہانی ڈاکٹر کا شمار بہترین کارڈیالوجسٹس میں ہوتا تھا اور ان کی عمر اتنی زیادہ نہیں تھی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ گورووگاندھی کی موت معمول کا دن گزارنے کے بعد نیند میں ہوئی، وہ معمول کے مطابق پیر کی شب تمام مریضوں کو دیکھنے کے بعد ہسپتال سے گھر چلے گئے،گوروو گاندھی کے اہلخانہ نے بتایا کہ وہ کھانا کھاتے ہی سوگئے تھے، ان کے مزاج میں کسی قسم کا ردوبدل نہیں دیکھا گیا، نہ ہی ایسا محسوس ہوا کہ وہ کسی تکلیف میں مبتلا ہیں، اس کے علاوہ وہ صحت مند بھی تھے، تاہم اگلی صبح وہ نیند سے جاگے ہی نہیں، صبح 6بجے کے قریب جب انہیں اٹھایا گیا تو وہ بے سدھ پڑے تھے۔
اہلخانہ نے انہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایا جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا،ڈاکٹروں کے مطابق گووروو گاندھی کی موت دل کا دورہ پڑنے کے سبب ہوئی،واضح رہے کہ ڈاکٹر گاندھی نے اپنے طبی کیرئیر میں 16ہزار سے زیادہ دل کی سرجریز کیں جو کامیاب رہیں۔