نئی دہلی ( آن لائن) بھارتی ریاست بہار کے روہتاس میں دو دن سے لاپتہ ایک 12 سالہ لڑکا جمعرات کو سون ندی پر پل کے دو گھاٹوں کے درمیان پھنسا ہوا پایا گیا۔ لڑکا کھریانو گاؤں کا رہنے والا ہے۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے۔ ریسکیو آپریشن کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیم کو طلب کیا گیا تھا۔
لڑکے کے والد بھولا شاہ نے بتایا کہ ان کا بیٹا ذہنی طور پر غیر مستحکم ہے اور دو دن سے گھر سے لاپتہ تھا۔ اس نے خبر ایجنسی اے این آئی کو بتایا ‘ہم اسے آس پاس کے گاؤں میں ڈھونڈ رہے تھے لیکن وہ نہیں مل سکا۔ ہمیں 3 سے 4 گھنٹے پہلے ایک فون آیا اور معلوم ہوا کہ وہ یہاں پھنس گیا ہے۔’
این ڈی آر ایف کے اسسٹنٹ کمانڈنٹ جے پرکاش نے بتایا کہ لڑکا وہیں پل پر انتہائی نازک حالت میں پھنسا ہوا تھا۔ بچہ فی الحال محفوظ ہے اور ہم اسے یہاں سے کھانا دے رہے ہیں۔ ریسکیو ٹیم اسے جلد ہی بحفاظت یہاں سے نیچے لے آئے گی۔