ڈھاکہ ( آن لائن) پاکستان اور نیپال کے بعد بنگلہ دیش کی حکومت نے بھی بھارت کی نئی پارلیمنٹ کی عمارت میں ’اکھنڈ بھارت‘ نقشے پر وضاحت طلب کرلی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیشی حکومت نے نئی دہلی میں تعینات اپنے سفارتی مشن کو ہدایت دی ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ سے اس نقشے کے متعلق وضاحت لی جائے، بنگلہ دیش کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور شہریار عالم نے ڈھاکہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی لیگ کی حکومت بھارت سے اس نقشے کے متعلق وضاحت لینے کے مرحلے میں ہے جس پر نیپال اور پاکستان میں بھی احتجاج ہوا ہے۔
شہریار عالم کا کہنا تھا کہ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ نقشہ اشوکا کی سلطنت کا ہے، اس نقشے کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔